نگران حکومت کے پاس اختیار نہیں، عام انتخابات تک ترقیاتی کام روکے جائیں: پشاور ہائیکورٹ

Dec 01, 2023

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ نے عام انتخابات تک ترقیاتی کام روکنے کا حکم دے دیا ہے۔ پشاور ہائی کورٹ میں ترقیاتی کاموں کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کی۔ عدالت نے عام انتخابات تک ترقیاتی کام روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کام الیکشن کے بعد شروع کریں۔ وکیل درخواست گزار میاں ذاکر حسین کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کے پاس ترقیاتی کاموں کا اختیار نہیں ہے، الیکشن کا اعلان ہوا لیکن اب ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ نگران حکومت کا کام تو صرف روزانہ کی بنیاد پر معاملات دیکھنا ہے، الیکشن کا اعلان ہونے کے بعد ترقیاتی کام کیسے ہوں گے؟۔ جسٹس اعجاز انور نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا الیکشن ہو رہے ہیں؟۔ وکیل الیکشن کمیشن محسن کامران نے جواب دیا کہ جی الیکشن ہوں گے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ بنوں، وزیرستان اور دیگر علاقوں میں نگران حکومت کے آنے سے پہلے کے ترقیاتی کام شروع ہیں، اس سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ الیکشن نزدیک ہوں تو پھر تو منظور نظر لوگ ترقیاتی کاموں پر تختیاں لگاتے ہیں، 8 فروری اتنا دور نہیں ہے، الیکشن ہوجائیں تو پھر ترقیاتی کام شروع کریں، الیکشن کے بعد دیکھیں گے یہ فنڈ خرچ ہوتا ہے یا واپس ہوجاتا ہے۔ جسٹس عتیق شاہ نے کہا کہ یہ بتائیں وفاقی اور صوبائی نگران حکومتیں ترقیاتی کاموں میں اتنی دلچسپی کیوں لے رہی ہیں؟۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ یہ کام نگران حکومت سے پہلے شروع ہوئے ہیں۔ جسٹس عتیق شاہ نے کہا کہ زمینی حقائق کیا ہیں یہ سب کو پتہ ہے۔

مزیدخبریں