کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جو ہمیں آتا ہے وہ بلاول کو سکھانا ہے ، اس کی تربیت کرنی ہے، نوجوانوں کا لیڈر بنانا ہے ، بلاول پاکستان کا کم عمر ترین وزیر اعظم بنے گا۔ کوئٹہ میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ہمارے پاس فارمولے ہیں کہ پاکستان اور بلوچستان کو کس طرح مضبوط کرنا ہے۔ پاکستان میں جو لیڈر قوم کو آگے لے جانا چاہتا ہے اس کو پیچھے کھینچنے والی بڑی قوتیں ہوتی ہیں، ہمیں ان قوتوں کا ڈر نہیں، اپنی عوام پر امید ہے۔ بلاول کو نوجوانوں اور مستقبل کا لیڈر بنانا ہے اور اس کی سپورٹ کرنی ہے، جو ہمیں آتا ہے وہ بلاول کو سکھانا ہے۔ وہ، بلاول اور آصفہ پیپلزپارٹی کے جیالوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔ آصف زرداری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آج لوگ بلاول کو اس کی اپنی وجہ سے جانتے ہیں، وہ پاکستان کا کم عمر ترین وزیر اعظم بنے گا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کو آج ملک میں مہنگائی لیگ کہا جاتا ہے، لوگوں کو معلوم ہے یہ سیاست کے شو باز ہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی اٹھارہویں ترمیم ختم کرنے کا نعرہ لگاتے ہیں، اٹھارہویں ترمیم کا خاتمہ چاہنے والے صوبوں کے وسائل پر ڈاکہ مارنا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ بلاول کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو آج ملک میں مہنگائی لیگ کہا جاتا ہے، لوگوں کو معلوم ہے یہ سیاست کے شو باز ہیں، ہم موسمی جمہوریت پسند نہیں، حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، آئین کا تحفظ کرتے ہیں، جب کوئی میمو گیٹ میں کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ گیا تو آصف زرداری نے نئی طرز کی سیاست کرکے تاریخ رقم کی۔ ملک کی باقی جماعتیں اشرافیہ کی اور پیپلز پارٹی عوام کی نمائندگی کرتی ہے، پیپلزپارٹی کا مخالف کوئی سیاست دان نہیں بلکہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری ہے، پورے ملک کو سرپرائز دیں گے، وزیراعظم جیالا ہوگا۔ پرانی طرز سیاست تقسیم، نفرت اور انتقام پر مبنی تھی، ملک کو نئی سوچ اور نئی طرز سیاست کی ضروت ہے، پاکستان کو اس سیاست کی ضرورت ہے جس میں اتحاد کے بارے میں سوچا جائے نہ کہ تقسیم کے بارے میں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اس ملک کے نوجوانوں کی نمائندگی کوئی کھلاڑی نہیں میں کروں گا، اقتدار میں آ کر نوجوانوں کی بہتری کے لیے یوتھ کارڈ لائیں گے۔ نصب اللہ مری، میر حربیار ڈومکی، لیاقت لہڑی، ولی خان اچکزئی، علا¶الدین کاکڑ نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔