کچے میں ڈاکووں کیخلاف گرینڈ آپریشن ہو گا: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) وزیر اعلی محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں ڈاکوو¿ں کے مکمل خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن کا حکم دے دیا ہے۔ محسن نقوی کی زیر صدارت رحیم یار خان ائرپورٹ پر اہم اجلاس میں کچے کے علاقے میں ڈاکوو¿ں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ڈاکوو¿ں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ کچے کے علاقے میں کاشت فصلوں کی فوری کٹائی کی جائے تاکہ شرپسندوں کو چھپنے کی جگہ نہ ملے۔ محسن نقوی نے پولیس لائنز رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوو¿ں سے مقابلہ کے دوران شہید ہونے والے کانسٹیبل غلام حسین کی نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شہید کانسٹیبل غلام حسین کے والد سے ملاقات کی، دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے کہا پنجاب حکومت شہید غلام حسین کے خاندان کی ہر ممکن دیکھ بھال کرے گی۔ محسن نقوی نے پولیس لائنز میں شہیدکانسٹیبل قاسم اور شہید ارشاد کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے شہداءکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ٰ محسن نقوی کچے میں ڈاکوو¿ں کی فائرنگ سے زخمی اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے زخمی کانسٹیبل نوید اختر، جمیل احمد، محمد عمران، عبد الرزاق، آصف علی اور محمد سرور کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکوو¿ں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کسان کی بھی عیادت کی۔ محسن نقوی نے رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا۔ نئے کارڈیک سنٹر کامعائنہ کیا۔ محسن نقوی نے شیخ زید ہسپتال کے کارڈیک سنٹر کی تعمیر پر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا۔ سی سی یو سے آفس باہر شفٹ کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے ڈیرہ غازی خان میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، وٹرنری ہسپتال اور لائیوسٹاک بزنس اینڈ انکوبیشن سینٹر کے دورے کئے۔ ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی مکمل طور پر فنکشنل کرنے اور ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کا حکم دیا۔ بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں پیداوار بڑھانے کیلئے لائیو سٹاک ایمرجنسی لگانے کا اعلان کیا اور لائیوسٹاک کی پیداوار بڑھانے کے لئے پلان فوری طلب کرلیا۔ محسن نقوی نے ہسپتال کے کیفے ٹیریا، ویٹنگ ایریا اور سرائے کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کارڈیالوجی او پی ڈی کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ڈیرہ غازی خان کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سے جنوبی پنجاب کے مریض فیض یاب ہورہے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کارڈیالوجی میں بڑے شہروں کے برابر اور بہترین سہولتیں مہیا کرنا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں محسن نقوی نے یو اے ای اور کویت کے دورے کے بعد لاہور واپسی کے فوری بعد رات گئے گھوڑا چوک فلائی اوور کا اچانک دورہ کیا۔ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور فلائی اوور کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ رات کے وقت منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کی تعداد کم تھی جس پر وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ نائٹ شفٹ میں لیبر فورس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ منصوبہ وقت پر مکمل ہوسکے۔ محسن سپیڈ کے باعث لاہور کا چوتھا میگا منصوبہ مولانا محمد علی جوہر (اکبر چوک) فلائی اوورز بھی مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہو گیا۔ محسن نقوی نے مولانا محمد علی جوہر فلائی اوورز پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ کنٹریکٹ کے مطابق منصوبے کی مدت تکمیل 10 ماہ مقررکی گئی۔ رواں سال ہونے والی شدید بارشوں کے باوجود منصوبے کو مدت تکمیل سے پہلے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں عام ٹریفک کے لیے بننے والا یہ سب سے طویل فلائی اوورز ہیں۔ محسن نقوی نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ یومیہ تقریباً اڑھائی لاکھ گاڑیوں کوآمدورفت میں آسانی ہو گی۔ ہمیں اخبار میں تصویریں چھپوانے کا شوق نہیں، اللہ کی رضا کیلئے یہ سب کر رہے ہیں۔ میرا یقین ہے کہ جب آپ محنت کرتے ہیں تو لوگوں کو محنت نظر آتی ہے۔ ہم میں سے کسی کوکریڈٹ نہیں چاہیے، ہم میں سے کسی نے کوئی الیکشن نہیں لڑنا، نہ ووٹ مانگنا ہے۔ ہم کو ذاتی تشہیرکی کوئی خواہش نہیں ہے۔ بس عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ آئندہ دنوں میں باقی جاری پراجیکٹس مکمل ہو جائیں گے۔ دسمبر کے اختتام تک ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل ہو جائے گی۔


 

ای پیپر دی نیشن