اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی شہید کی بیٹی سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ آرمی چیف نے بچی کی وڈیرے کیخلاف شکایت پر سٹاف کو ہدایت کی کہ بچی کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں آرمی چیف شہید اہلکار کی کمسن بیٹی سے ملاقات کرتے ہوئے اس کا اور اس کی فیملی کا حال احوال دریافت کر رہے ہیں۔ بچی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو شکایت کی کہ انکے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں ایک وڈیرہ اپنی اراضی بچانے کیلئے پانی کا رخ انکے گھروں کی طرف موڑ دیتا ہے جس سے انکے گھر سیلاب سے متاثر ہوتے ہیں۔ آرمی چیف بچی کی شکایت پر اپنے متعلقہ سٹاف کو ضروری احکامات جاری کرتے ہیں اور بچی کے سر پر ہاتھ رکھتے ہوئے اسے یقین دلاتے ہیں کہ اب وڈیرہ ایسا نہیں کرے گا۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج شہدا کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور انکا خیال رکھے گی۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لاکھوں لوگوں نے آرمی چیف کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کیا۔