موسم سرما کے دوران چکن کارن سوپ ایک سال سے بڑے بچوں میں کھانسی اور نزلے کے تدارک کیلئے بہت مفید ہے۔گھر میں تیار کردہ سوپ میں چکن کے ساتھ ساتھ سبزیاں،گاجر،پالک اور چقندر شامل کرکے اس کے ذائقہ اور افادیت کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے ممتاز فزیشن،فوڈ نیوٹریشنسٹ وپیڈیاٹریشن ڈاکٹر سہیل فاروق کا کہنا تھا کہ موسم سرما کے آغاز،خنکی،خشک سردی اور سموگ میں بتدریج اضافہ کے باعث نزلہ، زکام، کھانسی، ناک کا بہنا، گلے کی خراش وغیرہ اور اس طرح کے دیگر مسائل کوئی نئی بات نہیں جبکہ اس طرح کی موسمی بیماریاں چھوٹے بچوں پر زیادہ جلدی اثر انداز ہوتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پانچ چیزوں کے استعمال سے آپ گھر بیٹھے اپنے بچوں کو کھانسی اور نزلہ زکام سے نجات دلا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہد تو ویسے ہی شفا کا خزانہ ہے جو کھانسی اور گلے کی سوزش میں بھی آرام پہنچاتا ہے لہٰذا اگر ایک چائے کا چمچ لیموں کا جوس اور دو چائے کے چمچ شہد لے کر آپس میں مکس کر دیں اور بچے کو دن میں 2 سے 3مرتبہ پلائیں تو مذکورہ موسمی امراض سے نجات مل سکتی ہے اسی طرح شہد کو نیم گرم دودھ میں ملا کر بھی دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لیموں خشک کھانسی اور گلے کی سوزش میں بھی بہت مفید ہے کیونکہ اس کے اندر پایا جانیوالا وٹامن سی بچوں کے اندر قوت مدافعت کو بڑھاتا اور نزلہ زکام و کھانسی جیسی بیماریوں سے بچنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔
بچوں کو کھانسی اور نزلہ زکام سے نجات دلانے کیلئے مفید مشورہ
Dec 01, 2023 | 11:35