لاہور (خبر نگار) لاہور ہائی کورٹ نے صنم جاوید کی آئی جی پنجاب پولیس اور دیگر کے خلاف، توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ میں ایف آئی آر نمبر 410/23 کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کو صنم جاوید سے متعلق کیسز کی رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے حکم دیا کہ کل انسداد دہشت گردی عدالت میں ریکارڈ پیش کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ دوسری طرف لاہور ہائی کورٹ نے خدیجہ شاہ نظر بندی کیس اور توہین عدالت کی درخواستوں پر الگ الگ سماعت کی۔ فاضل عدالت نے دونوں درخواستوں پر سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر حکومت کو فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے درخواست پر نظر ثانی کا فیصلہ کرکے آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے جیل میں خدیجہ شاہ سے اس کے شوہر اور بچوں کی ملاقات کا حکم بھی دیا ہے۔ ادھر انسداد دہشت گردی عدالت نے لاہور جناح ہا¶س حملہ کیس میں نامزد 112 ملزمان کی ضمانتوں پر آئندہ سماعت پر مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ عدالت نے سماعت چار دسمبر تک ملتوی کر دی۔