لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ وہ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے مرکزی دفتر فردوس مارکیٹ گلبرگ میں پانچ دینی جماعتوں کے اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے ساتھ متحد ہوکر چلنے کے اعلان کے موقع پر قائدین کے فیصلوں کا خیر مقدم اور شکریہ ادا کر رہے تھے۔ اس مشترکہ پریس کانفرنس سے جمعیت علمائے احناف پاکستان کے سربراہ مولانا شعیب احمد قاسمی، جماعت الدعوة الحق کے سربراہ پیر سید ولی اللّٰہ شاہ بخاری، ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ممتاز احمد اعوان، جمعیت علمائے اہلِ سنت پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا محمد حنیف حقانی اور پاکستان سول سوسائٹی کے سینئر وائس چیئرمین چوہدری محمد نواز ڈوگر نے بھی خطاب کیا۔ پانچ جماعتوں کے ان مرکزی قائدین نے آئندہ سیاسی و انتخابی جدوجہد اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے پلیٹ فارم پر متحدہ طور پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان راہنماؤں نے اسلامی جمہوری اتحاد کے دستور اور منشور سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے علامہ زبیر احمد ظہیر کی قیادت پر بھی اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات سے بھی زیادہ باکردار، بےداغ اور خوفِ خدا رکھنے والی صالح قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک ور عوام جن مشکلات میں مبتلا ہیں اس کے اصل ذمہ دار یہی لوگ ہیں۔ اس لئے ہم بہت جلد ایک بڑا دینی جماعتوں کا اتحاد بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم سیکولر جماعتوں کا ملک بھر میں ہر سیٹ پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور کسی بھی سیکولر جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا اتحاد بھی نہیں کریں گے۔