کراچی(این این آئی)زرعی شعبے کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات کے نتیجے میں اہم فصلوں کی پیداوار میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر2023) میں زرعی شعبے میں مجموعی نمو کی شرح 5.06 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اہم فصلوں کے زیرکاشت رقبے میں اضافے کی وجہ سے پیداوار میں عمومی اضافہ دیکھنے میں آیا، پیداوار مجموعی طور پر 11.16 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی ہے۔اعدادوشمار کے مطابق چاول، کپاس اور مکئی کی فصلوں کی پیداوار مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بالترتیب 21، 11 اور 5 فیصد کی شرح سے نمو ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق گنے کے زیر کاشت رقبے میں 11 فیصد کی کمی کے باوجود چاول، کپاس اور مکئی کی زیادہ پیداوار نے زرعی شعبے پر مجموعی طور پر اچھے اثرات مرتب کئے ہیں۔