شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم

Dec 01, 2023 | 13:05

 اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنا غیر منصفانہ اور غیر قانونی قرار دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ سنایا اور قرار دیا ہے کہ ڈی جی امیگریشن ایک ہفتے میں پی سی ایل سے شیریں مزاری کا نام نکال کر رپورٹ دیں، ڈی جی امیگریشن ایک ہفتے میں ڈپٹی رجسٹرار ہائیکورٹ کو رپورٹ دیں۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو گرفتارنہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے، اس سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عدالتی حکم کے باوجود شیریں مزاری کی گرفتاری پر آئی جی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی جہاں آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت میں پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی شروع کردی گئی ہے، عدالتی حکم پر پولیس رپورٹ کی کاپی درخواست گزار کو فراہم کردی گئی، آئی جی اسلام آباد اپنے تحریری جواب میں عدالت سے معافی مانگ چکے ہیں، بعد ازاں عدالت نے پولیس کوشیریں مزاری کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس کو ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری سے روکنے کا اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود ان کو گرفتار کیا گیا تھا، جس پر شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

مزیدخبریں