واشنگٹن(این این آئی)ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے سے قبل غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کا معاہدہ دیکھنا چاہتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہاکہ ٹرمپ قیدیوں کی رہائی اور جنگ کو جلد از جلد ختم کرنے کا معاہدہ چاہتے ہیں۔ ان کی ترجیح میں اقتدار سنھبالنے سے قبل غزہ جنگ ختم کرنا اور قیدیوں کا معاہدہ کرنا ہے۔گراہم نے کہا کہ ٹرمپ قیدیوں کی رہائی کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ پرعزم ہیں اور جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں جس میں یرغمالیوں کا معاہدہ بھی شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اسرائیل اور خطے کے لوگ جان لیں کہ ٹرمپ کی توجہ یرغمالیوں کے معاملے پر ہے۔ وہ خون خرابہ روکنا اور لڑائی ختم کرنا چاہتے ہیں۔