فیروزوالہ(نامہ نگار) صنعتی یونٹس کے مالکان اور انتظامیہ کی سنگ دلی و مجرمانہ غفلت کے باعث ہزاروں مزدور سوشل سکیورٹی کارڈ سے محروم ہیں جس کے باعث کارڈ ہولڈرہونے کے ناطے حاصل ہونیوالی سہولیات سے وہ استفادہ نہیں کرپارہے۔ ان مزدوروں کی اکثریتی تعداد مقامی صنعتوں و کارخانوں میں ٹھیکیداروں کے تحت کام کرنیوالے ورکرز پر مشتمل ہے جنہیں نہ تو سرکار کی طرف سے طے شدہ تنخواہ دی جارہی ہے اور نہ ہی انہیں نوکری کاتحفظ حاصل ہونے کیساتھ ساتھ سوشل سکیورٹی کارڈ ز کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ پاکستان ٹریڈ یونین کے جنرل سیکرٹری صفدر حسین سندھو ایڈوکیٹ نے کہا ٹھیکیداروں کی سنگدلی کا عالم یہ ہے کہ ایسے مزدور جو صنعتی یونٹ میں مستقل ملازمت کی کوشش کرتے ہیں انہیں ڈیلی ویجز کی فہرست میں بھی کئی کئی روز تک شامل نہیں کیاجاتا اور انہیں گیٹ پرگھنٹوں گیٹ پر بٹھائے رکھنے کے بعد ورکر کی مزید ضرورت نہ ہونے کا کہہ کر واپس بھجوادیا جاتا ہے۔