لاہور(نیوز رپورٹر)امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔ لہٰذا اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بر وقت اقدامات کی اشد ضرورت ہے تاکہ لوگوں میں ہیپاٹائٹس اور ایچ پائلوری کی علامات اور ان کے علاج کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جا سکے اور اس بیماری کی روک تھام کیلئے ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔ ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل سٹوڈنٹس قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کا صحت مند ہونا انتہائی ضروری ہے کیونکہ طبی عملے نے ہی مریضوں کا علاج معالجہ کرنا ہوتا ہے لہذا ڈاکٹرز کو علاج کے ساتھ ساتھ ہر ممکن احتیاط اور سال میں دو سے تین مرتبہ اپنی بلڈ سکریننگ ضرور کرانی چاہئے۔ان خیالات کا اظہار پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے امیر الدین میڈیکل کالج کی بلڈ ڈونیشن سوسائٹی (نبض) کے زیر اہتمام ہیپا ٹائٹس بی، سی اور ایچ پائلوری کی سکریننگ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس مہم کا مقصد ان بیماریوں کی جلد تشخیص اور ان سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔ صدر ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حسیب تھند، ڈاکٹر مصباح جاوید، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق و دیگر ڈاکٹرز ،طلباء میں زیان انصاری، رانا عمر اور رانا عالیان موجود تھے۔