’’دھی رانی پروگرام‘‘ :دسمبر 2024سے اجتماعی شادیوں کا باقاعدہ آغاز  

Dec 01, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ’’دھی رانی پروگرام‘‘ کے تحت رواں ماہ (دسمبر 2024) سے اجتماعی شادیوں کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے سیاسی مشیر ذیشان ملک، سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود، ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان، سیکرٹری ویمن ڈیولپمنٹ عثمان علی خان، کمشنر لاہور زید بن مسعود اور ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے شرکت کی۔ ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان نے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ اور معاون خصوصی ذیشان ملک سمیت اجلاس کے شرکاء کو دھی رانی پروجیکٹ پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا وزیراعلیٰ مریم نواز کے دستِ شفقت سے اس نیک عمل کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت ایسی غریب، یتیم اور جسمانی معذوری کا شکار خواتین جن کے والدین معذور ہیں اور جن کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہے، وہ اس پروگرام میں شمولیت کی اہل ہوں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دھی رانی پروگرام کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں پہلے مرحلے میں 1500 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کروائیں گی۔

مزیدخبریں