آذربائیجان کے سفیرکی علیم خان سے ملاقات، تجارتی شراکت داری  پر اتفاق

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)آذربائیجان اور پاکستان کے مابین گزشتہ کئی ماہ سے جاری دو طرفہ سفارتی سرگرمیوں،اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور پاکستان سے باکو میں ''کوپ''کی کانفرنس میں بھرپور شرکت کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور پاکستان میں آذربائیجان کے سفیرخضر فرادوف نے وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مشترکہ منصوبوں اور تجارتی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا ہے جس کے لئے آنے والے دنوں میں عملی کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس ملاقات میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے سفیر کا گرم جوشی سے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاحت سمیت اپنے دوست ممالک سے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں مزید اضافہ کر سکتاہے ہمیں اپنے باہمی تعلقات کو بزنس اور دوطرفہ تجارت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے دونوں اطراف سے مثبت پیشرفت ہو رہی ہے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ لگانے اور کاروبار کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں جی ٹو جی اور بی ٹو بی کی بنیاد پر غیر ملکی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کی حکومت کو کراچی سے سکھر اور سکھر سے حیدرآباد کے ایم6اورایم9موٹرویز پر سرمایہ کاری کے لئے بھی بات چیت کی۔ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اْن کا ملک پاکستان سے سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن