لاہور ڈویلپمنٹ پلان‘ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے کام ہو گا: عظمیٰ بخاری

Dec 01, 2024

لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کی پراگریس سے متعلق بریفنگ لی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت پہلے مرحلے میں 6 زونز سے کام شروع کیا جائے گا اور لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت لاہور میں پہلے فیز میں چھ ہزار سے زائد  کچی گلیوں کو پختہ کیا جائے گا۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز لاہور ڈویلپمنٹ پلان منصوبے کی شفاف طریقے سے نگرانی کریں گے۔ گلیوں کی تعمیر کے بعد کسی بھی قسم کے روڈ کٹ کی قطعاً اجازت نہیں ہو گی۔ لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت شروع ہونے والے تمام منصوبوں کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچانے دیا جائے گا۔ لاہور ڈویلپمنٹ پلان میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی منصوبہ کا حصہ ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال نے بریفنگ دی۔ لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے فیز 1 اور فیز 2 میں عوامی نمائندگان کی ہدایت و رہنمائی کی روشنی میں کام جاری ہے۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ  عوامی نمائندگان کی مشاورت سے  تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے منصوبہ کی کامیابی میں ہم سب کی کامیابی ہے۔ وزیر بلدیات نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے پہلے مرحلے میں 6 زونز کے تمام ایم پی ایز سے علیحدہ علیحدہ میٹنگ  کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے کہا کہ کچی گلیوں کا تفصیلا جائزہ لیا جائے اور کوئی کچی گلی اگر باقی رہ جائے تو اس کو  بھی شامل کیا جائے گا۔ ڈویلپمنٹ پلان کے فیز-2 کا آغاز مارچ 2025ء سے شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان میں شفافیت کے معیار کو برقرار رکھا جائے اور کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔دریں اثناء وزیر اطلاعات پنجاب نے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن اور پی یو جے کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد دی ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ امید ہے نومنتخب عہدیدار صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے علی ساہی کو کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کا صدر، حماد اسلم کو سینئر نائب صدر احمر کھوکھر کو نائب صدر، مجاہد شیخ کو جنرل سیکرٹری، سرفراز خان کو جوائنٹ سیکرٹری اور عمر یعقوب کو خزانچی خالد، رمضان بیگ، خرم ملک، علی چوہدری اور فراز نظام گورننگ باڈی منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ 

مزیدخبریں