سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا زچہ بچہ ہسپتال راولپنڈی کا دورہ

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے عرصہ سے تعطل کا شکار وفاقی حکومت کے منصوبے زچہ بچہ ہسپتال راولپنڈی کا  دورہ کیا اور وفاقی حکومت سے صوبائی حکومت پنجاب کو اس منصوبے کی حوالگی کے بارے تفصیلات کا جائزہ لیا اراکین قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، حنیف عباسی اور ملک ابرار احمد کے علاوہ وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عمر اور کمشنر راولپنڈی عامر خٹک بھی موجود تھے سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تعطل کے شکار زچہ بچہ ہسپتال کے تعمیر شدہ حصوں کا معائنہ کیا اور ان کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے پی کے ایل آئی راولپنڈی کا بھی دورہ کیا۔بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کے پیسوں سے شروع کیا گیا مگر مسلسل تعطل کا شکار رہا ہے اور اب وزیر اعلی مریم نواز شریف اس منصوبے کو عوام کی فلاح کیلئے مکمل کرکے فعال کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سے اس منصوبہ کی صوبائی حکومت پنجاب کو منتقلی کے عمل کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعلی کے زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی حکومت سے حوالگی کے بعد پنجاب حکومت اس میں بیڈز کی تعداد دو سو سے بڑھا کر 400 کرنے کی منصوبہ بندی کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن