غزہ، 100 فلسطینی شہید، حزب اللہ نے فتح کا اعلان کر دیا: لندن میں اسرائیل مخالف بڑا احتجاج

غزہ‘ لندن (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) غزہ میں اسرائیلی حملوں میں  تیز ی آگئی۔ 24 گھنٹوں کے دوران مزید100 فلسطینی شہید ہو گئے۔ لبنان میں جنگ بندی کے بعد حزب اللہ نے فتح کا اعلان کر دیا۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ان100 میں سے75  افراد کو بیت لاہیا کی رہائشی عمارتوں پر بمباری کر کے شہید کیا۔گزشتہ2 ماہ کے دوران شمالی غزہ کے جاری اسرائیلی محاصرے میں وحشیانہ زمینی اور فضائی حملوں میں شہدا کی تعداد 2 ہزار 700 تک پہنچ گئی ہے۔ دریں اثنا غزہ میں فلسطینیوں کو سنگین غذائی بحران کا سامنا ہے، ایک بیکری کے باہر ہجوم میں بھگدڑ کے دوران 3 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ ورلڈ فوڈ پروگرام سے فوری طور پر خوراک کی تقسیم دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔دوسری جانب لبنان میں جنگ بندی کے چوتھے روز حزب اللہ کے سربراہ سید نعیم قاسم نے سرحد پار حملوں اور اسرائیلی افواج کے ساتھ کئی مہینوں کی لڑائی کے بعد فتح کا اعلان کر دیا ہے۔ نعیم قاسم نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ حالیہ جنگ بندی اسرائیل کے خلاف دو ہزار 6کی فتح سے بڑی کامیابی ہے۔ہم میدان جنگ میں ثابت قدم رہے اس لیے دشمن جنگ بندی پر مجبور ہوا۔ لندن میں غزہ اور لبنان جنگ میں جاری اسرائیلی قتل عام کے خلاف بڑا احتجاج کیا گیا۔ جنگ مخالف تنظیموں کا اسرائیلی مظالم کے خلاف قومی سطح کا یہ 22 واں احتجاج تھا۔ منتظمین کے مطابق اسرائیلی قتل عام کے خلاف مظاہرے میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد شریک ہوئے۔ مظاہرین پارک لین سے مارچ کرتے ہوئے وائٹ ہال پہنچے اور جنگ بندی کیلئے نعرے لگائے۔ احتجاج میں شریک افراد نے مطالبہ کیا کہ برطانیہ‘ اسرائیل پر فلسطینیوں کا قتل عام بند کرانے کیلئے دباؤ ڈالے۔ احتجاج کے موقع پر وسطی لندن میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

ای پیپر دی نیشن