اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک احتجاج کے دوران گرفتار 145 ملزموں کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ تحریک انصاف کے ڈی چوک احتجاج کے دوران 170گرفتارکارکنان کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ اے ٹی سی کے جج طاہرعباس سپرانے جسمانی ریمانڈ پرمحفوظ فیصلہ سنایا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے 17 ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں 4 دن کی توسیع کر دی۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے 8 ملزموں کو 10 دسمبر تک شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ میانوالی نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پی ٹی آئی کے 29 نامزد اور سینکڑوں نامعلوم کارکنوں کو عدالت نے دہشت گردی دفعات سمیت تمام مقدمات سے بری کر کے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق 24 نومبر کے احتجاج میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے عیسیٰ خیل کے 29 معلوم 300 نامعلوم افراد کو گزشتہ شب رات 12 بجے کے بعد سول مجسٹریٹ عیسیٰ خیل سلیم طاہر کی عدالت میں پیش کیا۔ بعدازاں عدالت کے حکم پر ایس ایچ او نے تمام گرفتار ملزموں کو رہا کر دیا۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ فیصل چودھری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیلا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ آج دوسرے دن بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی کوشش کی، پنجاب پولیس عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کر رہی۔
145 گرفتار پی ٹی آئی کارکن 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
Dec 01, 2024