اختلافات اپنی جگہ، وفاقی حکومت امن کیلئے ایف سی فراہم کرے: گنڈا پور

Dec 01, 2024

کوہاٹ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جو بھی ہتھیار اٹھائے گا دہشت گرد کہلائے گا۔ دہشت گردوں کا انجام جہنم ہے۔ علی امین گنڈا پور نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ جو بھی امن کو خراب کرے اس کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا جائے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت کی درخواست پر فوج علاقے میں امن کے لئے تعینات ہے۔ فوج، پولیس اور انتظامیہ مل کر علاقے میں پائیدار امن کے لئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں۔ علاقے میں تمام کے تمام مورچے بلا تفریق ختم کئے جائیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ، علاقے میں امن کے لئے وفاقی حکومت ایف سی کے پلاٹونز فراہم کرے، گرینڈ جرگہ مکمل امن کے قیام تک علاقے میں رہے، صوبائی حکومت ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔ جو لوگ علاقے میں امن خراب کر رہے ہیں مقامی کمیونٹی اس کی نشاندہی کرے۔ فریقین کے درمیان نفرت کی فضا کو ختم کرنے کے لئے مقامی عمائدین اپنا کردار ادا کریں۔ علاقے میں لوگوں کے پاس موجود بھاری اسلحہ جمع کیا جائے جبکہ سرحدی علاقے کے لوگوں کے پاس موجود اسلحہ بھی امانتاً جمع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں، صوبائی حکومت ان بے گھر افراد کی باعزت واپسی یقینی بنائے گی۔

مزیدخبریں