لاہور(نامہ نگار)کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے رواں ماہ کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 34 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔لاہور سے فتنہ الخوارج سمیت دیگر تنظیموں کے 11 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اہم عمارتوں کے نقشے برآمد کئے گئے ہیں۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے رواں ماہ کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی 242 کارروائیاں کیں۔جن میں 243 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 34 دہشت گردوں کو اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور دیگر ممنوعہ مواد سمیت گرفتار کیا گیاہے۔گرفتاردہشت گردوں میں زبیر، اسلم، ابوبکر، فدا حسین، فہد، سیف اللہ، عبداللہ، محمود الحسن، نفیس، اسرار، حاجی شاہ، کاشف، قاسم، صابر، رمضان، جنید، عمران اور عرفان وغیرہ شامل ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج داعش اور دیگر تنظیموں سے ہے۔ ان دہشت گردوں کی گرفتاریاں بھکر، لاہور، بہاولنگر، بہاولپور، سرگودھا، ناروال، اٹک،گجرات، رحیم یار خان، فیصل آباد اور راولپنڈی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کی گئی ہیں۔ جن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 6815 گرام، ڈیٹونیٹرز 28، سیفٹی فیوز وائر 89 فٹ، آئی ای ڈی بم 4، پرائما کارڈ 3 فٹ، پستول، گولیاں، کالعدم تنظیم کے پمفلٹ 59، میگزین اور ساڑھے 57 ہزار روپے نقدی برآمد کی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں نے لاہور میں ایک سرکاری عمارت کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 28 مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں رواں ماہ کے دوران مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے 7536 کومبنگ آپریشنز بھی کئے گئے۔ جن میں 235630 افراد کو چیک کیا گیا۔ 637 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 466 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔