اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 7 دسمبر کو دوبارہ اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے سامنے آنے والی خبر درست نہیں ہے۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ فیک نیوز کا بازار گرم ہے، کہا گیا کہ پارٹی کا نیا چیئرمین بنا دیا گیا ہے اور سلمان اکرم راجہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، یہ خبریں غلط ہیں۔ اسد قیصر نے دوبارہ اسلام آباد جانے کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔ شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ مشال یوسفزئی کی پارٹی میں کوئی پوزیشن نہیں ہے البتہ وہ بشری بی بی کی ذاتی ترجمان ہیں۔ وزیر دفاع کا بیان آیا کہ جنازے دکھاؤ جبکہ ہم نے کل کی پریس کانفرنس میں جنازے کی فوٹیج دکھائی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کل کی تاریخ تک 12 کارکنوں کی ہلاکتوں کا کنفرم ڈیٹا موجود تھا۔