لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گری عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 9 مئی واقعات کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ عدالت نے عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانتیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ جس میں کہا گیا کہ زمان پارک میں تیار کی گئی سازش کے گواہوں کے بیان ریکارڈ پر موجود ہیں، پراسیکیوشن کے مطابق خفیہ پولیس اہلکاروں نے خود کو پی ٹی آئی ورکر ظاہر کرتے ہوئے اس سازش کو سنا تھا، پراسیکیوشن کے پاس بانی پی ٹی آئی کی اشتعال انگیزی کی ہدایات کے آڈیو سمیت دیگر ثبوت موجود ہیں۔ موجودہ کیس سازش یا اشتعال انگیزی پر اکسانے کا کوئی معمولی کیس نہیں ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ناصرف لیڈروں بلکہ ان کے کارکنوں اور حمایتیوں نے سختی سے عمل کیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ وکیل بانی پی ٹی آئی نے اعتراض اٹھایا کہ مبینہ سازش کی کوئی تاریخ، وقت اور جگہ متعین نہیں، پراسیکیوشن کے مطابق زمان پارک میں 7 مئی اور 9 مئی کو اس سازش کو تیار کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے ایک سازش تیار کی، سازش تیار کی گئی کہ گرفتاری کی صورت میں دیگر قیادت ریاستی مشینری کو جام کر دے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دئیے کہ وقوعے کے وقت بانی پی ٹی آئی گرفتار تھے، دلائل میں وزن نہیں کہ بانی پی ٹی آئی وقوعے کے وقت گرفتار تھے۔ پراسیکیوشن کا کیس ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے گرفتاری سے قبل سازش تیار کی۔ پراسیکیوشن کا کیس ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ملٹری تنصیبات پر حملوں کی ہدایت کی اور سازش تیار کی۔ تحریری فیصلے کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اعجاز چودھری کی ضمانت کے فیصلے میں سازش کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے کردار پر بحث کی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کوئی معمولی آدمی نہیں، ان کی ہدایات اور بیانات کی ان کے حامیوں کی نظر میں ایک قدر ہے، پی ٹی آئی کی دیگر قیادت نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کو مسترد کرنے کا سوچا تک نہیں۔ پولیس کے مطابق 11 مئی کو پولیس اہلکار پر تشدد سمیت ایسے بہت سے واقعات رونما ہوئے۔ تمام واقعات میں ملٹری تنصیبات، سرکاری اداروں اور پولیس اہلکاروں پر حملے کئے گئے، بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کی جاتی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی 9 مئی واقعات کے ذمہ دار، عدالت، ضمانتیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری
Dec 01, 2024