سی ایم ایچ پنڈی میں زخمی اہلکاروں کی عیادت، پی ٹی آئی شرپسند، تشدد کرنیوالوں کو نہیں چھوڑینگے: مریم نواز

لاہور+راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر+اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پرتشدد کارروائیوں میں زخمی اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے سی ایم ایچ راولپنڈی پہنچ گئیں اور زیر علاج رینجرز اور پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ وزیر اعلیٰ فرداً فرداً ہر زخمی اہلکار کے پاس خود گئیں اور خیریت دریافت کی۔ مریم نواز نے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کے بلند حوصلوں اور فرض شناسی کو سراہا۔ زیر علاج زخمی اہلکاروں نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو احتجاج کے دوران پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پر بے رحمانہ تشدد کے بارے میں بتایا۔ زخمی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز نے پولیس پر نزدیک سے نشانہ لیکر فائرنگ کی۔ مظاہرین نے کیل والے ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین کے تشدد سے بیشتر پولیس اہلکاروں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں، بعض کی آنکھیں متاثر ہوئیں۔ مظاہرین کے بے رحمانہ تشدد سے ایک اہلکار کی کھوپڑی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے زخمی اہلکاروں کو تسلی دی اور حوصلہ بڑھایا۔ زخمی اہلکاروں نے عزم کا اظہار کیاکہ آپ کا دست شفقت رہا تو جلد صحت یاب ہو کر واپس آئیں گے۔ مریم نواز نے  کہاکہ رینجرز اور پولیس اہلکار قوم کی بیٹے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں پر بے رحمانہ تشدد کرنے والے مظاہرین کو نہیں چھوڑیں گے۔ شرپسند جماعت پی ٹی آئی نے ملک کی ترقی روکنے کیلئے انتشار کا راستہ اپنایا۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی اداروں، املاک اور سکیورٹی اہلکاروں پرحملے قابل مذمت ہیں۔ پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کا امن بحال کر رہے ہیں۔ شرپسند سیاسی جماعت کو جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں پر حملے کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے تھی۔ وفاقی  اور پنجاب حکومت زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی مقروض ہے۔ ہم زخمی سکیورٹی اہلکاروں اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سکیورٹی اہلکاروں کو زخمی کرنے والے پی ٹی آئی کے شرپسندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ان شرپسندوں کو کڑی سے کڑی سزا دلوائیں گے جو مثال بنے گی۔  علاوہ ازیں مریم نواز شریف کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔ کھاد کے بعد گندم کے تصدیق شدہ بیج کے نرخ بھی نیچے آگئے۔ مارکیٹ میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ بیج کے نرخ میں زبردست کمی آرہی ہے۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن کا ریٹ تصدیق شدہ بیج 6300 کی بجائے 4500 روپے فی بیگ پر آ گیا ہے۔ تصدیق شدہ بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن کے خصوصی مراکز اور رجسٹرڈ ڈیلر کے پاس دستیاب ہیں۔ وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ کاشتکار ہمارے بھائی ہیں اور بھائیوں کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے۔ پنجاب کے کاشتکار کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ پیداوار میں اضافے اور کاشتکار کی خوشحالی کے ویژن کو پورا کریں گے۔ دوسری جانب چین کی طرف سے مریم نوازشریف کے لئے سرکاری دورے کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف چین کی حکمران جماعت کی دعوت پر چین کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی۔ چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سینٹرل کمیٹی کی طرف سے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہو چکا ہے، جس کے تحت وزیراعلیٰ مریم نواز شریف رواں ماہ چین کے 8 روزہ وزٹ کے دوران بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ کے دورے کریں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو چین کی طرف سے 8 سے 15 دسمبر تک چین کے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔ سی پی سی کی خصوصی دعوت پر اعلیٰ سطح وفد بھی چین جائے گا۔ خصوصی دعوت نامے میں چین کی حکمران جماعت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باہمی تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔ دعوت نامے میں گہرے باہمی مراسم اور دوستی کے فروغ، پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مزید وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔ دورے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل، انڈسٹری، سموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی اشتراک کار کا جائزہ لیا جائے گا۔ پنجاب اور چین کے نجی سیکٹرز کے درمیان کاروباری اور تجارتی روابط پر بھی غور کیا جائے گا۔ مریم نواز کو دورے کے دوران چین کی ترقی کے ماڈل، گورننس کے نظام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ  چین کے نمایاں قائدین اور اہم حکومتی زعما سے بھی ملاقات کریں گی۔ مریم نواز کے دورے میں پنجاب میں ترقی کے اعلیٰ معیار، دوطرفہ تعاون کے نئے دور کے آغاز پر تبادلہ خیال کا بھی امکان ہے۔ مریم نواز نے بورے والا میں سلنڈر پھٹنے سے کمسن بچوں اور میاں بیوی کے جاں بحق ہونے پرافسوس کا اظہار کیا اور کمشنر ملتان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ مریم نواز شریف نے پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے نو منتخب صدر میاں شاہد ندیم اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...