مسلم امہ کے اتحاد سے ہی مشترکہ چیلینجز کامقابلہ کیا جاسکتا،یوسف رضا گیلانی

Dec 01, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی چھ رو زہ دورے پر سعود ی عرب پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا اورپاکستان کی سلامتی ، ترقی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کی ۔  بعدازاں  امام کعبہ شیخ باندار بلیلاح سے ملاقات کی ۔امام کعبہ نے  پاکستانی وفد کو خوش آمدید کہا۔امام کعبہ سے ملاقات میں پاکستان سعودی عرب دوطرفہ روابط ، حجاج کرام ، عمرہ زائرین کو سہولیات ، دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی دیگر سینیٹرز کے ہمراہ چھ روزہ دورے پر سعودی عرب کے دورے پر ہیں ۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے امام کعبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ دہشت گردی ، انتہا پسندی ، اسلامو فوبیا کے رجحانات پر قابو پانا مسلم دنیا کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اسلام امن کا پیغام دیتا ہے ، اسی پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جدید دور کے چیلینجز کو سامنے رکھتے ہوئے مسلم امہ کا اتحاد بہت ضروری ہے اتحاد کی بدولت ہی مشترکہ چیلینجز کا مل کر ہی مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ امام کعبہ کی مسلم امہ کے اتحاد کے لئے کوششیں لائق تحسین ہیں۔فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر عالم اسلام کو ہر سطح پر آواز بلند کرنی ہو گی ۔اسرائیلی افواج غزہ اور بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ انسانی حقوق کے علمبرداروں کو ان مظالم کا نوٹس لینا ہو گا۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی حجاج اور عمرہ زائرین کو مثالی سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور  کہا کہ امام کعبہ نے ہمیشہ اپنے خطبوں میں جدید دور کے مسائل ، انکا حل اور اجتماعی و انفرادی مسائل کے حل کی بات کی ہے جو کہ لائق تحسین ہے ۔اس موقع پر امام کعبہ شیخ باندار بلیلاح کاکہنا تھا کہ پاکستان ایک اچھا برادر دوست ملک کی ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی لازوال ہے اس موقع پر امام کعبہ نے پاکستان کی سلامتی ، ترقی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کی ۔

مزیدخبریں