پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی

Dec 01, 2024 | 23:47

پاکستان نے زمبابوے کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ہرا دیا۔پاکستان کے 166 رنز کے ہدف میں زمبابوے کی ٹیم 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے 57 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کی اننگز
بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ پاکستان کے طیب طاہر 39 اور عرفان خان 27 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔عثمان خان نے 39 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ صائم ایوب 24 ، عمیریوسف 16 اورکپتان سلمان آغانے 13رنز بناکر آؤٹ ہوئے زمبابوے کے سکندر رضا اور رچرڈ گراوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ ویلنگٹن مساکاڈزا اور ریان برل نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوے کی اننگز
166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور پہلی وکٹ 12 کے مجموعی رنز پر گری۔ کپتان سکندر رضا اور ٹاڈی واناشے نے مزاحمت کی تاہم وکٹیں مسلسل گرتی رہیں اور زمبابوے کے تین کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔16 ویں اوور میں زمبابوے کی پوری ٹیم 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں اسے 57 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔زمبابوے کے سکندر رضا 39 اور ٹاڈی واناشے 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔ گرین شرٹس کی جانب سے ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو پویلیئن کی راہ دکھائی جبکہ حارث رؤف نے 2 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔طیب طاہر بہترین بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں 2 میچز میں فتح حاصل کرکے سیریز اپنے نام کی تھی۔

مزیدخبریں