لاہور+کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے ساو¿تھ ایشین گیمزکے جوڈوایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا۔ یہ ایونٹ میں پاکستان کا پہلا گولڈمیڈل ہے۔ ڈھاکا میں جاری ساو¿تھ ایشین گیمزکے جوڈو ایونٹ کی81 کلو گرام کٹیگری میں تنویر احمد نے سری لنکا کے رنگا فرنانڈو کو ہرا کر پاکستان کوگیمزمیں پہلا طلائی تمغہ دلوادیا۔ پاکستان کے کرامت بٹ نے جوڈومیں ہی چاندی کا تمغہ جیتا۔ مینزسائیکلنگ ایونٹ کی80 کلومیٹرٹائم ٹرائل ریس میں پاکستان کے ہارون رشید، محمدرفیق، نثاراحمداورصابرپرمشتمل ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے پاکستان کو دوسرے سلور میڈل کا حقدار بنا دیا اس سے قبل خواتین کی ٹیم بھی سلور میڈل جیت چکی ہے بھارت نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ویٹ لفٹنگ ایونٹ کی 56 کلوگرام کٹیگری میں پاکستان کے عبدالغفورنے مجموعی طورپر222 کلوگرام وزن اٹھاکرکانسی کا تمغہ سینے پرسجایا۔ مینزکبڈی ایونٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو8 کے مقابلے میں28 پوائنٹس سے زیرکیا۔والی بال میں پاکستان نے نیپال کوتین صفرسے ہرایا۔ سیف گیمز ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے شاندار آغاز کرتے ہوئے کمزور حریف نیپال کو 19-0 گول سے شکست دی۔ ڈھاکہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہاف ٹائم تک پاکستان کو 8-0 گول سے برتری حاصل تھی۔ پاکستان کی جانب سے واصف صدیقی نے 6 گول کرکے اپنی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ افضل ڈوگر نے پانچ‘ سبطین رضا اور عبد الخالق نے 2,2 ‘ نعمان اور محمد زبیرنے ایک ایک گول اسکور کیا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ 2 فروری کو میزبان بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ ویمن کے ٹیم ایونٹ میں میزبان بنگلہ دیش نے پاکستان کو 3-1 سے شکست دی۔ بنگلہ دیش کی شلپا اختر نے پاکستان کی پلوشہ بشیر کو 21-16, 15-21 اور 15-21 سے علینہ سلطانہ نے پاکستان کی عائشہ خان کو 17-21, 12-21 سے شکست د ی۔ جبکہ ڈبلز میں شلپا اختر اور کونیکا نے پاکستانی جوڑی پلوشہ اور عائشہ خان کو 7-21 اور 13-21 سے شکست دی۔ جبکہ پاکستان کی سارا خان نے بنگلہ دیش کو کونیکا رانی کو 21-16, 15-21 اور 15-21 سے شکست دی۔