جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک+نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (آج) جمعہ سے نیو وانڈررز سٹیڈیم، جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ جنوبی افریقہ کی کپتانی کے فرائض گریم سمتھ انجام دیں گے۔جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان گریم سمتھ جوہانسبرگ ٹیسٹ میں 100 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کرنے کا اعزاز حاصل کرینگے جس کے بعد وہ 100 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کرنے والے دنیا کے واحد کپتان بھی بن جائیں گے اور اسی دن وہ اپنی 32 ویں سالگرہ بھی منائیں گے۔ قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق بھی زخمی ہو گئے ہیں۔ ان کی آج کے میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ زخمی توفیق عمر وطن واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ عمران فرحت جلد قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔