کراچی(خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ کے فیصلے اور چیف الیکشن کمشنر کی واضح یقین دہانی کے باوجود ووٹر لسٹوں کے تصدیقی عمل میں بے قاعدگیوں اور فوج کی عدم شمولیت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے آج یکم فروری بروز جمعہ شہر بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں دن ایک بجے بعد نماز جمعہ مسجد خضریٰ تا الیکشن کمیشن آفس صدر احتجاجی ریلی و مظاہرے کا انعقاد کیا جائے گا۔ مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسےن محنتی سمیت دےگر دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری نسیم صدیقی نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے حق کے حصول‘ ووٹر لسٹوں کی درستگی اور شفاف انتخاب کے انعقاد کےلئے آج کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں اور احتجاجی ریلی و مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔