تہران (بی بی سی) اطلاعات کے مطابق ایران نے اقوامِ متحدہ کے جوہری نگرانی کے ادارے آئی اے ای اے سے کہا ہے کہ وہ اپنے ایٹمی مرکز نتانز میں یورینیم کی افزودگی کے لیے درکار آلات’سینٹری فیوجز ‘ کی تعداد بڑھا رہا ہے۔ سینٹری فیوجز کی تعداد بڑھانے کی صورت میں ایران تیزی سے یورینیم افزودہ کر سکے گا اور مغرب کے ایران کے بارے میں جوہری خدشات میں اضافہ ہو گا۔ ایران کہتا رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے جبکہ مغربی ممالک یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ایران افزودہ یورینیم کو ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کر سکتا ہے۔ ایران نے تئیس جنوری کو آئی اے ای اے کو ایک خط کے ذریعے اپنے منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس خط میں سینٹری فیوجز کے ماڈل ’آئی آر ٹو ایم‘ کا ذکر کیا گیا ہے جو اس وقت ایران کے زیر استعمال سینٹری فیوجز کے مقابلے میں دو سے تین گنا زیادہ تیزی سے یورینیم افزودہ کر سکتا ہے۔ آئی اے ای اے کی کمیونیکیشن کے مطابق ’ایجنسی کے سیکریٹریٹ کو ایران کے جوہری توانائی کے ادارے اے ای او آئی کی جانب سے تئیس جنوری کو موصول ہونے والے ایک خط میں بتایا گیا کہ سینٹری فیوج مشین ’آئی آر ٹو ایم‘ نتانز کے یونٹ اے بائیس میں استعمال کی جائے گی‘۔ دریں اثناءیورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی اعلیٰ اہلکار کیھترین آسٹن کے مطابق انہیں توقع ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت جلد ہی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔
ایران کا سینٹری فیوجز کی تعداد بڑھانے کا اعلان‘ یورینیم افزدوگی تیز ہو جائیگی
Feb 01, 2013