اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) پاکستان گوادرپورٹ کاکنٹرول فروری میں چین کے حوالے کر دے گا۔ اس حوالے سے چین کی ہارورڈکمپنی کے ساتھ معاہدہ سات فروری کو ہونے کا امکان ہے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعدگوادر پورٹ کا کنٹرول رواں ماہ سنگاپور سے واپس لے کرچین کے حوالے کر دیا جائے گا جس کے بعد چائنا مرچنٹ کمپنی گوادرپورٹ کو چلائے گی جبکہ چین کی بڑی شپنگ لائن کوسکو بھی گوادر پورٹ معاہدے میں شامل ہے۔ چین نے گوادر پورٹ کی تعمیرکےلئے ابتدائی فنڈنگ 250 ملین ڈالر کا 75 فیصد فراہم کیا تھا۔ یہ بندرگاہ اس وقت سنگاپورکی کمپنی پی ایس اے انٹرنیشنل چلا رہی ہے۔ چین گوادر پورٹ پر مزید سرمایہ کاری کرے گا۔اے پی پی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے کہا کہ ہم پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے۔ گوادر پورٹ کی چین کو حوالگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کی خوشحالی کیلئے ہمارے تعلقات تاریخی ہیں چینی کمپنیاں پاکستان میں کئی پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہم پاکستان کی تمام شعبہ جات میں مدد جاری رکھیں گے۔