کراچی میں جمعے کے روزبھی دہشتگردوں نے سات افراد کوموت کی نیند سلادیا۔ دوسری جانب پولیس اوررینجرز نے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

Feb 01, 2013 | 22:12

کرائم رپورٹر

نئےماہ کا آغاز بھی کراچی کے شہریوں کے لئے امن کی نوید نہ لاسکا اور فروری کے پہلے روز بھی قتل وغارت گری کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔ سہراب گوٹھ پل پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے مدثر نامی شخص کو قتل کردیا جبکہ اس دوران وجاہت زخمی ہوگیا۔ ادھر گارڈن کے علاقے میں واقع کشتی والی مسجد کے نزدیک سے بوری بند لاش برآمد ہوئی، مقتول کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا جبکہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں فائرنگ سے سیاسی جماعت کا رکن نیر شہاب دم توڑ گیا۔دوسری جانب ناگن چورنگی پر بھی فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص چل بسا۔ لیاقت آباد ڈاکخانہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عباسی نامی شخص جاں بحق ہوگیا، سکھن تھانے کی حدود بھینس کالونی سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس کے مطابق تاحال لاش کی شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں تھانہ موچکوکی حدود خیبر چوک پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، ادھرلیاری کے علاقے نیا آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے دوملزمان کواسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا جبکہ دس مشتبہ افراد کوبھی حراست میں لے لیا گیا،چنیسرگوٹھ سے بھی متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔


مزیدخبریں