حکومت ‘ طًالبان سیز فائر یقینی بنائیں ‘ مذاکراتی کمیٹی سے تعاون کریں گے: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ اے پی اے) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان نے ملاقات کی۔ عمران خان نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کیلئے کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے۔ رحیم اللہ یوسفزئی اور رستم شاہ مہمند سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ پوری قوم کی امیدیں مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ وابستہ ہیں۔ تحریک انصاف مذاکراتی ٹیم کے ساتھ ہرممکن تعاون کریگی۔ امید ہے کہ بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکل آئیگا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل سے میڈیا اور عوام کو باخبر رکھا جائے تاکہ کسی قسم کا کوئی کنفیوژن پیدا نہ ہو اور کوئی بھی تیسری قوت ان مذاکرات کو سبوتاژ نہ کرسکے۔ انکا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل کی سنجیدگی اور کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت اور طالبان دونوں مذاکرات کے دوران سیز فائر کو یقینی بنائیں۔ اے پی اے کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ امید ہے بات چیت کے زریعے مسئلہ کا حل نکل آئیگا۔ کمیٹی کے ارکان نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم نوازشریف کے نکتہ نظر سے عمران خان کو آگاہ کیا اور عمران خان کو مکمل اعتماد میں لینے کیلئے ملاقات کی گئی۔ اسکے علاوہ مذاکراتی کمیٹی نے عمران خان کو طالبان سے مذاکرات کے پیٹرن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جبکہ عمران خان نے بھی مذاکراتی ٹیم کو اپنے تحفظات اور تجاویز سے آگاہ کرتے ہوئے اپنی پارٹی کا اصولی موقف سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی عمل کو موثر بنایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن