کراچی (این این آئی+نوائے وقت نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جج خالدہ یاسین نے تیموریہ تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل ندیم عباسی اور پولیس کانسٹیبل محمد ساجد کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر طالبان کمانڈر شاہ فیصل محسود کو سزائے موت اور 2لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 7سال الگ سزا کاٹنی ہوگی۔واضح رہے کہ 3فروری 2012کو شاہ فیصل محسود اور یاسین محسود نے ہیڈکانسٹیبل ندیم عباسی اور پولیس کانسٹیبل محمد ساجد کو اغواءکرکے تھانہ منگھوپیر کی حدود میں فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔سی آئی ڈی نے کارروائی کرکے ملزموں کو اورنگی ٹاو¿ن سے گرفتار کیا تاہم ملزم یاسین محسود تھانے کے اہلکاروں کو 23لاکھ روپے دے کر تھانے سے فرار ہوگیا۔عدالت مفرور ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے اسے اشتہاری قرار دے چکی۔دریں اثناءانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے رینجرز اہلکار لانس نائیک غلام رسول کے وکیل کی متعدد بار غیر حاضری اور مقدمے کی سماعت میں تاخیر کا سبب بننے کے باعث ملزم کو سرکاری وکیل فراہم کرنے کا حکم دے دیا ۔ایڈوکیٹ عبدالمتین خان سرکاری خرچ پر لانس نائیک غلام رسول کی وکالت کریں گے ۔ کیس کی سماعت آج (ہفتہ) دوبارہ ہوگی۔
کراچی: 2 پولیس اہلکاروں کے قتل کیس میں طالبان کمانڈر شاہ فیصل محسود کو سزائے موت، رینجرز اہلکار کو سرکاری وکیل فراہم کرنے کا حکم
Feb 01, 2014