سندھ فیسٹیول آج موئن جودڑو میں شروع ہو گا‘ تیاریاں مکمل

کراچی (این این آئی) سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی نگرانی میں سندھ فیسٹیول کی 15روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز آج (ہفتہ) سے ہوگا۔ افتتاحی تقریب لاڑکانہ کے قریب تاریخی ورثے موئن جو دڑو کے مقام پر ہوگی، جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سندھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری، ان کی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور اور ملک بھر سے دیگر 500کے قریب افراد شرکت کریں گے۔ افتتاحی تقریب کے لئے صرف 500 کے قریب وی وی آئی پیز کو دعوت نامے اور پاسز جاری کئے گئے ہیں جبکہ شرکاءکے بیٹھنے کے لئے موئن جودڑو کے تاریخی ورثہ کے سامنے لکڑی سے 80 فٹ چوڑا اور 50 فٹ لمبا سٹیج تیار کیا گیا ہے جبکہ موئن جودڑو کے مختلف حصوں میں رنگ برنگی لائٹس بھی لگائی گئی ہیں۔ پروگرام کے مطابق 15روزہ سندھ فیسٹیول کا آغاز لاڑکانہ کے تاریخی مقام موئن جوداڑو سے میوزک اور روایتی تقریب سے ہوگا۔ یہ تقریبات 15فروری تک جاری رہیں گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے تاریخی ورثے کو خطرات لاحق ہیں۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ سندھ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صوبے اور پاکستان کے ہزاروں سال پرانے تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنا ہے۔ علاوہ ازیں سندھ حکومت نے سندھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے لیے پی آئی اے سے خصوصی طیارہ کرائے پر حاصل کرلیا۔ اس مد میں ایک کروڑ اسّی لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔ طیارہ صرف یکم فروری کو سندھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے لیے پی آئی اے سے حاصل کیا گیا ۔ اس کی منظوری وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے دی ۔ چارٹر طیارے کے ذریعے پانچ سو وی آئی پیز، غیر ملکی سفیروں اور وزراءکو کراچی سے موئن جو دڑو پہنچایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن