لاہور+ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ آن لائن) بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمن نظامی سمیت 14 افراد کو نام نہاد ٹربیونل کی جانب سے سزائے موت سنائے جانے کے خلاف لاہور، فیصل آباد میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور بنگلہ دیش حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں بھارت نواز عوامی لیگ امریکی پلان پر عمل پیرا ہے۔ 70سالہ بزرگ مطیع الرحمن کو پھانسی کی سزا دینا انصاف کا قتل ہے۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کی قیادت جنرل سیکرٹری خلیق احمد بٹ نے کی جس سے نائب امراء صوفی محمد اکرم، انور گوندل، ذکر اللہ مجاہد، ریلوے پریم یونین کے سیکرٹری جنرل شیخ محمد انور، حافظ محمود احمد اور عابد میر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے خلیق بٹ نے کہا کہ حسینہ واجد بنگلہ دیش کی وزیراعظم کی بجائے مظلوموں کا خون پینے والی دیوی بن چکی ہیں۔ جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمن نظامی اور ان کے دیگر ساتھیوں کو سزائے موت سنانا اور بے گناہ عبدالقادر ملا جیسے مظلوموں کو تختہ دار پر لٹکا کر حسینہ واجد نے اس کا عملی ثبوت بھی دے دیا ہے۔ آج شیخ مجیب الرحمن کی بیٹی گڑھے مردے اکھاڑتے ہوئے جماعت اسلامی کے بزرگ رہنمائوں کو قیدوبند اور موت کی سزائیں دے رہی ہیں جو کہ تمام بین الاقوامی اصولوں اور ضوابط کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ ادھر کراچی میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام بیت المکرم مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں کراچی کے شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بنگلہ دیش میں سزا پانے والے محب وطن پاکستانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بنگلہ دیشی حکومت کے خلاف نعرے اور جماعت اسلامی رہنماؤں کو دی جانے والی سزائیں کالعدم کرنے کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر نصراللہ شجیع اور امیر ضلع شرقی یونس بارائی نے خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں کہاکہ کلمے کی بنیاد پر قائم ہونے والی ریاست کو دولخت ہونے سے بچانے کیلئے جن لوگوں نے قربانی دی ، آج ان پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیاہے‘ اسلام پسند رہنماؤں کو پھانسی کے گھاٹ اور شہریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ بھارت نواز عوامی لیگ کے اس طرز عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ نصراللہ شجیع نے کہا کہ مطیع الرحمن نظامی اور ان کے ساتھی ہمارے لئے اجنبی نہیں ہیں، ہم ان سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور وزیراعلیٰ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنے والوں کے قتل عام کا نوٹس لیں۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنوں نے اوکاڑہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ مقررین نے کہا پاکستان کی حکومت بنگلہ دیش کی حکومت سے سزا کالعدم قرار دیے جانے کے لئے دبائو ڈالے۔ مظاہرین نے ریلی بھی نکالی۔