کراچی(آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اپنی اہلیہ شنیرہ تھامسن کے ہمراہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے مزار قائد جا پہنچے۔ چھ ماہ پہلے آسٹریلوی دوشیزہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھنے والے عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے جمعرات کی دوپہر شنیرہ تھامسن کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔ انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں بانی قوم کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر وسیم اکرم اور شنیرہ تھامسن نے مزار کے مختلف حصوں کی سیرکی۔ اور اپنے دورے کو یادگار بنانے کے لیے تصاویر بھی بنوائیں۔ دونوں اس موقع پر خوش گوار موڈ میں دکھائی دیئے۔