پاکستان آئی سی سی میں مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرے : واٹمور

Feb 01, 2014

لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچ ڈیو واٹمور نے کہا ہے کہ مستقبل میں پاکستان ٹیم کی کوچنگ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، چیمپئنز ٹرافی اور زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شکست کیرئیر کا سب سے تلخ تجربہ ہے اور ان شکستوں کا بوجھ لئے واپس جا رہا ہوں، پاکستان میں قیام کے دوران کبھی عدم تحفظ کا شکار نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار ڈیو واٹمور نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اپنا دو سالہ معاہدہ مکمل ہونے پر قذافی سٹیڈیم میں اپنی الوداعی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کوچنگ کا تجربہ نہایت خوشگوار رہا۔ دبئی میں سپورٹس مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے یکم مارچ سے نئی ذمے داریاں سنبھالوں گا۔ ٹیم کی ہار جیت میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس ہی نہیں مخالف ٹیم کی طاقت کو بھی دیکھنا چاہیے، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے میچز میں فرق تھا دونوں ٹیموں کو ایک جیسا سمجھنا درست نہیں ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ٹیسٹ کی سیریز زندگی کا مشکل ترین وقت تھا ۔ عمر اکمل باصلاحیت کھلاڑی اور مستقبل میں کامیابیوں میںاہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ میرا کام صرف کھلاڑیوں کی تربیت کرنا تھا جسے پوری محنت سے انجام دیا کون سا کھلاڑی ٹیم میں شمولیت کا اہل تھا یا نہیں یہ فیصلہ کرنا سلیکشن کمیٹی کی ذمے داری تھی۔ آئی سی سی میں کسی بھی طرح کی قانون سازی فوری نہیں ہوتی۔ بگ تھری کا منصوبہ آئی سی سی کی رضا مندی سے ہی طے پایا ‘ پاکستان جو بھی فیصلہ کرے اس میں اپنے مفاد کو مدنظر ضرور رکھے گا۔

مزیدخبریں