لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شکارپور امام بارگاہ میں دہشت گردی کے المناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ختم نہ ہوئی تو ملک کا اللہ حافظ جو حکمران شادی بیاہ کے ضابطوں پر عمل درآمد نہیں کروا سکے وہ قومی ایکشن پلان پر خاک عمل کروائیں گے۔ انہوں نے شکارپور میں امام بارگاہ میں دہشت گردی کے المناک سانحہ اور 60 شہادتوں پر مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل امین شہیدی کو فون کیا اور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے فوجی عدالتوں کو ناکام بنانے کی کوشش ہو رہی ہے ۔حکمرانوں نے ملک کو دہشت گردوں کے سپرد کر رکھا ہے، دہشت گردی کو فرقہ واریت کا رنگ دیا جا رہا ہے اسکے پیچھے ایک ہی طاقت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکمران خود دہشت گردی کی وارداتوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں اور انکے ہاتھ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہیدوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور وہ دہشت گردی کے نامزد ملزمان ہیں، انکے ہوتے ہوئے دہشت گردی کیسے ختم ہوسکتی ہے۔
حکمران شادی کے ضابطوں پر عمل نہ کراسکے ایکشن پلان پر خاک کرائینگے: طاہر القادری
Feb 01, 2015