لاہور (سپیشل رپورٹر) پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کے حوالے سے قرارداد پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اس ایوان کی رائے یہ ہے کہ وفاقی حکومت فی الفور ملک میں بڑے آبی ذخائر مثلاً کالا باغ ڈیم وغیرہ کی تعمیر کیلئے صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کے اقدامات شروع کرے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ کالا باغ ڈیم اور دیگر ڈیموں کی تعمیر پاکستان کی ترقی اور بقاء کیلئے ناگزیر ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت ہمارے دریائوں پر تیزی سے ڈیم تعمیر کر رہا ہے جبکہ ہمارے ہاں کالا باغ ڈیم جیسے قومی منصوبے کو سیاست کی نذر کر دیا گیا ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بھارت دن بدن آبی جارحیت میں اضافہ کر رہا ہے۔