لاہور ( کامرس رپورٹر) ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیائی ممالک کے مقابلے پاکستان میں قدرتی گیس و بجلی سب سے مہنگی ہے جو غربت اور مہنگائی میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ(پیاف )کے چئیرمین عرفان اقبال شیخ نے گزشستہ روز پیاف کے تمام ایگزیکٹو ممبران سے خطاب کے دوران کیا۔ خالد محمود کی جانب سے اپنے اور میاں انجم نثار کے اعزاز میں دئے گئے عشائیے میں خدشات کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مقامی تاجر و صنعتکار بیرونی منڈیوں میں دیگر ممالک سے اشیاء کی قیمتوں میں مقابلہ نہیں کر پا رہے۔انھوں نے کہا بجلی و گیس کی قیمتوں کے حوالے سے ایک تقابلی جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بجلی سری لنکا سے 87فیصد، انڈیا بنگلہ دیش سے45فیصد جبکہ قدرتی گیس بنگلہ دیش سے173فیصد، انڈیا سے 442فیصد اور امریکہ سے 90فیصد مہنگی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں ضروری ہو گیا ہے کہ حکومت ملکی صنعت اور معیشت کو زندہ و بحال رکھنے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی سمیت متعدد ایسے اقدامات کرے جن سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو ریلیف ملے اور ملک میں کاروباری حالات صحیح نہج پر چل سکیں ۔
پاکستان میں بجلی گیس ایشیاء میں سب سے زیادہ مہنگی ہے: پیاف
Feb 01, 2016