متروکہ وقف املاک کا میگا سکینڈل، با اثر افراد کو بچانے کیلئے کمزور دفعات لگائیں

لاہور ( معین اظہر سے ) پنجاب میں 984 ایکڑ متروکہ وقف املاک کی اربوںکی زمین کے فراڈ کے میگا سیکنڈل میں حکمران یا اعلی افسر نے توجہ نہیں دی جس پر ایڈیشنل آئی جی آپریشن پنجاب نے اعلی حکام کو جو رپورٹ بھجوائی اس کے مطابق بااثر افراد کو کیس سے بچانے کے لئے کمزور دفعات لگا دیں جبکہ کیس میں پٹواری کو پکڑنے کی بجائے اس کی ضمانت قبل از گرفتاری ختم ہونے پر گرفتار کرنے کی بجائے اس کو فرار کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے ڈی سی او اوکاڑہ، متعدد اعلی افسران کو معطل کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق کیس میں بعض سیاسی افراد کے ملوث ہونے کی اطلاعات کے بعد کیس کو کمزور کرنا شروع کر دیا گیا ہے کیس میں سب سے کم گریڈ کے ملازم پٹواری کو حکومت گرفتار نہیں کر سکی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں میگا کرپشن کے ایک بڑے کیس جس میں ڈی سی او، ای ڈی او، ڈسٹرکٹ افسران نے جعلی کاغذات پر اوکاڑہ میں متروکہ وقف املاک اربوں روپے کی زمین کو جعلی کاغذات پر منتقل کرنے کے کیس میں فوری ایکشن کا نام لے کر متعدد اعلی افسران کو معطل کر دیا تھا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوائی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے پولیس نے پٹواری محمد حسین کی گرفتاری کے لئے 7 ریڈ کئے لیکن اس کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ 28 نومبر کو انکوائری افسر نے محمد حسین پٹواری کے علاقہ مجسٹریٹ سے وارنٹ حاصل کئے جبکہ پٹواری نے 5 دسمبر کو ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کرا لی۔ اس طرح 17 دسمبر کو ملزم ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے دوسری عدالت میں پیش ہوا۔ اس کی ضمانت قبل از گرفتاری ختم ہو گئی تاہم ملزم پھر بھی فرار ہو گیا اس کو ابھی تک نہیں پکڑا جاسکا۔ اس طرح کیس میں 379 پی پی سی کی سیکشن کو ختم کر کے اس کی جگہ 409 پی پی سی کی سیکشن 22 دسمبر کو لگا دی گئی جس پر اب پولیس نے کیس کے تمام کاغذات ریجنل ڈائریکٹر انٹی کرپشن ساہیوال کو بھجوا دئیے گئے ہیں تاکہ مزید تحقیق کی جاسکے۔ تاہم ایس ایچ او حجرہ شاہ مقیم کو ایف آئی آر میں کمزور دفعات لگانے پر جبکہ پٹواری کو وقت پر گرفتار نہ کرنے پر انکوائری افسر سب انسپکٹر محمد حسین کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ اب پولیس کو ہدایات دی گئی ہیں وہ پٹواری محمد حسین کو گرفتار کرنے کے لئے کام کرے۔ اس اہم ترین کیس جو اگست 2015 کو منظر عام پر آیا تھا کے حوالے سے سب ٹھیک ہے کی رپورٹ اعلی حکام کو بھجوائی جاتی رہی ہے اور کیس میں شامل اعلی افسر بھی بحال ہو جائیں گے۔
متروکہ وقف املاک

ای پیپر دی نیشن