پنجاب کی ترقیاتی سکیمیں معیار کو یقینی بناتے ہوئے بروقت مکمل کی جائیں: حمزہ شہباز

Feb 01, 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے معیار کو یقینی بناتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق جنوبی پنجاب کے لئے 10 فیصد اضافی ترقیاتی منصوبوں کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ان اضلاع کو خصوصی ترجیح دی جائے تاکہ کم ترقی یافتہ علاقوں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔ حمزہ شہبازنے پنجاب میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ رورل واٹر سپلائی، خادم پنجاب پروگرام اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر سیکرٹری صاحبان اور و چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کیلئے مربوط حکمت عملی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ لودھراں سے خانیوال 98 کلومیٹر لمبی سڑک جلد مکمل کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ اسی طرح مظفر گڑھ سے ڈیرہ غازی خان کی سڑک کیلئے پی سی ون تیار کرنے اور شہباز پور پل کی جلد از جلد تعمیر کی جائے۔ انہوں نے بہاولپور اور جنوبی پنجاب میں کمونیکیشن اینڈ ورکس کے جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کو عوامی مشکلات کے پیش نظر معیاری اور بروقت تکمیل میں التواء برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 30 مئی تک مری ہسپتال کی تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر 9900 ملین روپے کے مزید ترقیاتی منصوبوں کے لئے جلد ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

مزیدخبریں