حافظ آباد+ ونیکے تارڑ+ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک نے ہر شعبہ میں مثالی ترقی کی، دہشت گردی کا بڑی حد تک خاتمہ کردیا، سولہ سولہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے قوم کو نجات مل گئی ہے اور ساڑھے چار سالوں میں 11ہزار میگاواٹ بجلی کے نئے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے ذریعے ملک میں 50ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری ہوئی ہے جبکہ نواز شریف کے مخالفین نے ماسوائے دھرنوں انتشار اور افرا تفری پھیلانے کے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں 2013میں شروع ہونے والا کوئی ایک منصوبہ بھی مکمل نہیں ہوا جبکہ سندھ کے عوام پنجاب کی مثالی ترقی سے متاثر ہو کر شہباز شریف جیسے وزیر اعلی کی دعا مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملکی تعمیروترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں پاکستانی پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا بڑا مثبت اور قابل ستائش کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مقامی میرج ہال میں پریس کلب حافظ آباد کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ریاست کا چوتھا اہم ستون ہونے کے ناطے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی اہمیت مسلمہ ہے اور اس سے وابستہ افراد پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خبر کی تصدیق ضرور کر لیا کریں تاکہ سچ میں جھوٹ کی آمیزش سے بچاجاسکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ آج حافظ آباد میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں نظر آنے والی بہتری میں ایک بڑا ہاتھ میڈیا کا بھی ہے جس نے ہمیشہ انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے عوام کو در پیش مسائل کی غیر جانبدارانہ نشان دہی کی۔ انہوں نے کہاکہ انکے قائد نواز شریف کا دل حافظ آباد کے عوام کے ساتھ ہی دھڑکتا ہے اور وہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی بھی بالخصوص شکر گزار ہیں جنہوں نے ضلع کی تعمیروترقی کے لئے ہمیشہ دل کھول کر فنڈز فراہم کئے۔ علاوہ ازیں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پرویز خٹک صاحب مشترکہ مفادات کونسل میں کچھ کہتے ہیں اور عمران خان کے ساتھ بیٹھ کر کچھ اور بولتے ہیں۔ پوری قوم جان چکی ہے کہ تحریک انصاف خیبر پی کے عوام کی خدمت کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی۔ عمران جتنا مرضی جھوٹ بول لیں پاکستان کے عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں۔ آپ نے 4 سالوں میں کنٹینر کی تزئین و آرائش، پتلی تماشہ، جھوٹ بولنے اور اداروں کی تضحیک کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ شہباز شریف سے حسد کرنے کی بجائے عمران محنت کی عادت اور عوام کی خدمت کا جذبہ پیدا کریں۔ اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈال کر آپ عوامی احتساب سے نہیں بچ سکتے۔ عمران صاحب 350 ڈیم بنانے کا آپ کا دعویٰ کدھر گیا وہ ڈیم کس سہارے پر بن رہے ہیں۔