اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئلے کے پلانٹ بند ہورہے ہیں ساہیوال میں کول پلانٹ لگایا جارہا ہے۔ خیبر پی کے میں 74 میگاواٹ بجلی تیار ہے۔ وفاقی حکومت صوبے سے بجلی نہیں لے رہی۔ باہر سے ایل این جی، کوئلہ لینے میں کمیشن اور کرپشن ہے۔ خیبر پی کے پولیس کیخلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ عمران نے کہا وفاقی حکومت خیبر پی کے کے ہر منصوبہ میں خامی نکالتی ہے لیکن شہباز شریف کے منصوبوں کو ایک منٹ میں کلین چٹ مل جاتی ہے۔ حکومت خیبر پختونخوا اور روسی کمپنی ہِماش کے مابین ہونے والے مفاہمتی یادداشت کی تقریب کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن مہم میں عوام سے جو وعدے کیے تھے ان کو پورا کیا آج خیبر پی کے کی سرمایہ کار دوست پالیسی کی وجہ سے خیبرپی کے میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہیں، انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے باوجود حکومت فرنس آئل اور ایل این جی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے پر تلی ہے، عمران کا کہنا تھا خیبر پی کے پولیس کو بدنام کرنے کیلئے ایک بھر پور مہم شروع کی گئی ہے۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں طلبی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ــــــــ ’جی ہاں! جیسا کہ میں بہت بڑا دہشتگرد ہوں‘۔ وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا کہ اس منصوبے کا فائدہ خیبر پی کے صوبے کو ہوگا، بغیر کسی کمیشن کے صوبے کو منافع دس فیصد حصہ ملے گا، صوبے میں 2500 میگاواٹ کے اور پراجیکٹس آرہے ہیں، حکومت ایل این جی منصوبے کو فروغ دینا چاہتی ہے اس لیے سولر اور ہائیڈرو پراجیکٹس کی منظوری نہیں دے رہی، عمران نے کہا کہ وفاق ہمارے منصوبوں میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپی کے پولیس پنجاب پولیس کی طرح نہیں ہے یہ ایک آزاد اور بااختیار ادارہ ہے جو بغیر کسی دبائو کے بہترین طریقے سے کام کر رہا ہے۔ ہماری پولیس وزیراعلیٰ کے تحت نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کے تحت کام کر رہی ہے۔ ہم کسی کو چھپاتے یا بچاتے نہیں میں واحد وزیراعلیٰ ہوں جس نے اپنے اختیارات اداروں کو منتقل کئے۔ خیبر پی کے کے اداروں میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں۔ خیبر پی کے میں جرائم کی شرح میں بہت کمی آئی ہے۔ تنقید ضرور کریں مگر اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے۔ اِکا دُکا واقعات پر شور کیوں ہو رہا ہے، خیبرپی کے میں فرانزک لیبارٹری کی اشد ضرورت تھی جس پر ہماری صوبائی حکومت نے پہلی بار توجہ دی اور اب یہ 20روز میں کام شروع کردے گی ۔ عمران خان نے کہا ہے کہ کے پی کے پولس کے بارے میں چیف جسٹس کے ریماکس توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے پارلیمنٹ پرلعنت ڈال ک کوئی غلط کام نہیں کیا سندھ میں زرداری اور پنجاب میں شریف مایا کے خلاف اتحاد بنائیں گے شیخ رشد کو استعفے کا اعلان سوچ سمجھ کر کرنا چاہئے تھا نواز شریف کو اس زندگی میں ہی نہیں اگلی زندگی میں بھی نااہل رہنا چاہئے۔ انٹرویو میں عمران نے کہا کہ میں عدلیہ اور چیف جسٹس کی عزت کرتا ہوں ان کے فیصلوں کی وجہ سے لوگوں کو امید مل ہے۔