ڈیڑھ صدی بعد پاکستان سمیت کئی ممالک میں چاند گرہن، بلیو بلڈ سپرمون کا نظارہ

Feb 01, 2018

لاہور+اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+اے ایف پی+نیٹ نیوز) پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں 150 سال بعد سپر بلیو بلڈمون یعنی سرخی مائل نارنجی چاند کا نظارہ دیکھا گیا۔ خیال رہے کہ انگریزی مہینے میں 2 بار دکھائی دینے والا چودھویں کا چاند ’’بلیومون‘‘ کہلاتا ہے اور ایسے میں چاند کو اگر مکمل گرہن لگ جائے تو اسے ’’بلڈمون‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے 31 جنوری کو طلوع ہونے والا چاند ’’سپر بلیو بلڈمون‘‘ تھا جس کی روشنی سرخی مائل نارنجی ہوتی ہے۔ سپر بلیو بلڈمون چودھویں کے عام چاند کے مقابلے میں 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوتا ہے جسے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھا گیا۔ پاکستان میں چاند گرہن دوپہر 3 بجکر 51 منٹ پر شروع ہوا۔ کراچی میں سپر بلیو بلڈمون کا نظارہ 6 بجکر 10 منٹ جبکہ اسلام آباد میں 5 بجکر 32 منٹ سے دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں مکمل چاند گرہن 5 بجکر 52 منٹ سے شروع ہوا تھا۔ سپر بلیو بلڈمون امریکہ، روس، شمال مشرقی یورپ، ایشیا اور آسٹریلیا میں بھی دیکھا جا سکے گا۔ انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق سپر بلیو بلڈمون کے ایک ساتھ آنے کا یہ واقعہ 151 سال بعد ہو رہا ہے۔چاند گرہن کا نظارہ دیکھنے کے لئے پاکستان کے مختلف مقامات پر انتظامات کئے گئے تھے۔ چاند گرہن امریکہ، یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، پیسفک، انڈیا، روس اور پاکستان کے اکثر علاقوں میں دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس ہونے والے پانچ گرہن جن میں دو چاند کے اور تین سورج کے گرہن شامل ہیں، میں سے پہلا چاند گرہن بدھ کے روز پاکستان میں دیکھا گیا ہے۔

مزیدخبریں