سپریم کورٹ نے صدیق الفاروق کو عہدے سے ہٹا دیا حکومت کونیا چیئرمین متروکہ وقف بورڈ مقرر کرنے کا حکم

Feb 01, 2018

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں کٹاس راج مندر کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے صدیق الفاروق کا بطور چیئرمین متروکہ وقف املاک کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ صدیق الفاروق کی مدت ختم ہوچکی ہے۔ نئے چیئرمین کی سمری جلد بھیج دی جائے گی۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ سمری موو کریں لیکن صدیق الفاروق کو فارغ کریں۔ عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا صدیق الفاروق چیئرمین متروکہ وقف املاک کا عہدہ سنبھالنے کے اہل نہیں۔ چیئرمین نے عدالتی اختیارات استعمال کرنا ہوتے ہیں۔ نئے چیئرمین کی تقرری میں یہ بات مدنظر رکھی جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ حکومت قانون کے مطابق چیئرمین کا تقرر کرے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے مجھے اپنی پروفائل دینے کا کہا تھا۔ میں نے سکول دور سے اب تک کی اپنی پروفائل دے دی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا آپ کوالیفائی نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل میں جائوں گا۔

مزیدخبریں