لاہور+اسلام آباد (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) اسلام آباد جیپ کلب کے زیراہتمام سنوکر اس جیپ ریلی چار فروری کو کالام (سوات) میں ہو گی۔ کلب کے ترجمان عمران حیدر کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد اور دیگر شہروں سے جیپ کلب کے ممبران فور بائی فور جیپوں کیساتھ حصہ لیں گے۔ مقابلوں کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ A کیٹگر میں 3500cc سے متجاوز گاڑیاں، B کیٹگری میں 2600cc سے 3500cc تک جبکہ C کیٹگری میں 2600ccتک کی جیپیں شامل ہونگی۔ خواتین کھلاڑی مقابلے سے قبل اپنی کیٹگری کی معلومات لے سکتی ہیں۔ کالام ریلی میں پاکستان کے نامور جیپ ایکسپرٹس صاحبزادہ سلطان، شباب حیدر، بابر خان، فواد زکوڑی، برہان کنڈی، صاحب زادہ فاخر اور سردار حسن کی آمد متوقع ہے۔ ریلی کا انعقاد پاک آرمی اور مقامی سول انتظامیہ کے تعاون سے ممکن ہوا جس کا مقصد صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ اور سیاحت کے مواقع کو اُجاگر کرنے کے ساتھ لوگوں میں فور بائی فور گاڑیوں اور ان کے مقابلوں سے متعلق معلومات و آگہی پہنچانا ہے اور پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ عوامی سطح پر اسلام آباد جیپ کلب کے بانی عامر محمود ملک، صدر ڈاکٹر ندیم نعیم، سیکرٹری جنرل اسد مروت، شہزاد ستار، عثمان عمرزئی اور حسن عزیز کی ان کوششوں کو سراہا جا رہا ہے جس کے تحت وطن عزیز میں کھیل اور سیاحت کی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔ اسلام آباد : آئی جے سی سنو ریلی میں شریک کھلاڑی ٹریک پر پریکٹس کرتے ہوئے