کراچی (نیوزرپورٹر)المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے تحت چیئرمین حاجی محمدحنیف طیب کی زیر صدارت ’’ معاشرے میں بڑھتے ہوئے جرائم اور ہمارے بچوں کا تحفظ ‘‘کے عنوان سے سیمینار’’المصطفیٰ آڈیٹوریم گلشن اقبال‘‘ میں ہوا۔ سیمینارسے سابق ممبرقومی اسمبلی محمدعثمان خان نوری،علامہ ابراراحمدرحمانی، پروفیسر عبد الجبارقریشی،کراچی بارکے نعیم قریشی ایڈووکیٹ،مولانا سید ارشادحسین اشرفی ، پروفیسر ڈاکٹراعجازاحمد،مولانا غلام عبا س قادری،ڈاکٹرثاقب حسن خان، ڈاکٹر سید وقاص ہاشمی،الحاج محمدرفیع،مولاناسیف اﷲسعیدی نے اظہارخیال کیا۔مقررین نے کہاکہ ہمارامعاشرہ،ایک اسلامی اور مذہبی معاشرہ ہے،جسے مغربی معاشرے میں ڈھالنے کے لئے مغربی قوتیں اسلامی تشخص کومٹانے کے درپے ہیں۔ اسکولوں ،کالجزاور جامعات کے نصاب میں روشن خیالی اورآزادخیالی کے نام کوفروغ دینے کے لیے اسباق شامل کئے گئے ہیں ، بعض پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیاسے فحش ڈرامے اور مادرپِدر آزادگفتگوکے ذریعے بچوں کے ذہنو ں کو مسمارکیاجارہا ہے۔ ذرائع ابلاغ،مغربی قوتوں کاآلہ کار بنا ہوا ہے، دینی اور مذہبی تعلیمات کا خاتمہ،بے راہ روی کا فروغ ہمارے معاشرے کو گھن کی طرح چاٹ رہاہے۔آئے روز ہونے والے بچے،بچیوںاوراسکولوں کے طلباء وطالبات کے ساتھ زیادتی اورقتل کے واقعات انہیں وجوہ کاباعث ہیں۔ حکومت کو اس کی روک تھام کے لئے مؤثر قدم اُٹھانا چاہیے اورقانون سازی کے ذریعے سخت سزاؤں کو نفاذلازمی ہے۔