کراچی (اسپورٹس رپورٹر) اسامہ علی کی سنچری اور شاہ علی ظفر کے ہمراہ تیسری وکٹ پر 188رنز کی شراکت نے محمد حسین سی سی کو کیولیئر سی سی کیخلاف 8وکٹوں سے فتح دلادی جبکہ عبدالحمید کھتری انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں محمد حسین کولٹس نے کھتری اسپورٹس کو 3وکٹوں سے سرنگوں کیا۔رحمن اور محمد یاسین کی ففٹی فتح گر‘ زریاب عمر‘ محمد مزمل اور ابوبکر کی ففٹی رائیگاں‘ مختیار کی 6وکٹیں کارامد۔ آر ایل سی اے گراؤنڈ یوپی پر کیولیئر سی سی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 35اوورز میں 8وکٹوں پر 223رنز اسکور بک میں درج کرائے۔محمد مزمل نے 5چوکوں اور 4چھکے لگا کر 89رنز کی اننگز کھیلی۔ ابوبکر کی59رنز کی اننگز 4چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل تھی۔عامر علی نے 12رنز بنائے۔ عاقب رضوی نے 59رنز پر 3کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا راستہ دکھایا۔راشد احمد نے 2وکٹ 37رنز کے عوض حاصل کئے۔محمد حسین سی سی نے مطلوبہ ہدف 30اوورز میں 2وکٹوں پر حاصل کرلیا جب 224رنز اسکور بورڈ پر لگائے گئے۔ اسامہ علی نے 9چوکوں کی مدد سے 107رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ شاہ علی ظفر کے ساتھ تیسری وکٹ پر ناقابل شکست 188رنز جوڑے۔ شاہ علی ظفر نے 70رنز کی کارامد اننگز کھیلی۔رابش احمد نے اپنی ٹیم کی فتح میں 12رنز کا حصہ ڈالا۔ فاتح ٹیم کی دونوں وکٹیں علی محمد نے 40رنز کے عوض اپنے نام کیں۔اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں کھتری اسپورٹس نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 29.1اوورز میں 161رنز بنا کر پوری ٹیم نے پویلین کی راہ لی۔زریاب عمر نے 10چوکوں اورایک چھکے کی بدولت 72رنز کی زوردار اننگز کھیلی۔ اسحق خان نے 20رنز میں 4چوکے لگائے۔ منصور نے ایک چھکا لگا کر 18اور محمد علی کے 15رنز میں 3چوکے شامل تھے۔مختیار نے 33رنز پر 6کھلاڑیوں کو کریز چھوڑنے پر مجبور کیا۔ محمد اسمٰعیل نے 20رنز پر2مہرے کھسکائے۔محمد حسین کولٹس نے27.3اوورز میں مطلوبہ ہدف کو پالیا جب 7وکٹوں پر 162رنز جوڑے گئے۔ رحمن نے 9چوکے اور2چھکوں پر مشتمل 57رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد یاسین کی 60رنز کی باری میں 7چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ نوری نبی نے 20رنز بنائے اسحق خان نے 14رنز پر 4کھلاڑی میدان بدر کئے۔ اسامہ بلوچ کو 7رنز پر 2وکٹ ملے۔محمد یونس اور جاوید جعفری ایمپائرز جبکہ تیمور عالم آفیشل اسکورر تھے۔