اسٹرابری ا سپورٹس مینجمنٹ اور روڈا ہاکی اکیڈمی کے درمیان قومی کھیل کے فروغ کے لیے معاہدہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سٹرابری سپورٹس مینجمنٹ اور روڈا ہاکی اکیڈمی کے درمیان قومی کھیل کی گراس روٹ لیول پر ترقی کے فروغ کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کا مقصد ہاکی کے حوالے سے قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہے تاکہ ایک مرتبہ پھر قومی کھیل دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کر سکے۔ سٹرابری سپورٹس مینجمنٹ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو حیدر علی داود خان اور روڈا ہاکی اکیڈمی گوجرہ کے منتظم خاور جاوید کا ایک دوسرے کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدر علی داود خان کا کہنا تھا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے۔ گوجرہ ہاکی کا گھر اولمپیئنز سمیت انٹرنیشنل کھلاڑی تیار کرنے میں اس کا اہم کردار رہا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر بھی گوجرہ میں کھلاڑیوں کو دی جانے والی تربیت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اکیڈمی کی شراکت میں کام کرتے ہوئے کھیل کے فروغ کے لیے پیشہ وارانہ انداز میں آگے بڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عروج کی جانب سفر کے لیے چند سال بھی لگ سکتے ہیں لیکن اس کے لیے آغاز کرنا ضروری ہے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن اس کو نکھارنے کے لیے پروفیشنل سپورٹس مینجمنٹ کی ضرورت ہے اور ہم یہ خلا پر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر رواڈ ہاکی اکیڈمی کے منتظم خاور جاوید کا کہنا تھا کہ سٹرابری سپورٹس مینجمنٹ جیسی شہرت کی حامل کمپنی کے ساتھ قومی کھیل کی ترقی کے لیے معاہدہ کرنا خوش آئند ہے، آنے والے وقتوں میں یہ پاکستان ہاکی کی بحالی کے لیے خوش آئند ثابت ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن